Time 06 اگست ، 2024
کھیل

آج سے27 سال قبل بننے والا وہ ٹیسٹ ریکارڈ جو آج تک کوئی نہ توڑ سکا

آج سے27 سال قبل بننے والا وہ ٹیسٹ ریکارڈ جو آج تک کوئی نہ توڑ سکا
فوٹو: اے پی فائل

کھیل میں ریکارڈز تو بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں لیکن کچھ ریکارڈز ایسے ہوتے ہیں جنہیں توڑنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔

کرکٹ میں تو ویسے کئی ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے ہیں لیکن سری لنکا کی جانب سے آج سے 27 سال قبل بنایا گیا ایسا ریکارڈ جسے آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔ 

جی ہاں! 27 سال قبل آج کے دن یعنی 6 اگست کو سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کا ایسا پہاڑ کھڑا کیا جسے ابھی تک کسی نے سر نہیں کیا۔

2 اگست 1997 کو  سری لنکا اور بھارت کے درمیان  2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کا آغاز کولمبو میں ہوا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 537 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ یہ اسکور دیکھ کر کوئی یہ سوچ نہیں سکتا تھا کہ سری لنکا بھارت کو اس سے زیادہ کراکرا جواب دے گا۔

سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے آخری سیشن میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور پھر پانچویں دن تک سری لنکن بیٹرز نے بھارتی بولرز کی ایسی درگت بنائی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

سری لنکا نے بھارت کے 537 رنز کے جواب میں ریکارڈ 952 رنز اسکور کردیے جو کسی بھی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

سری لنکا کی جانب سے جے سوریا نے 340، روشن مہاناما نے 225 اور ارویندا ڈی سلوا نے 126 رنز بنائے۔

بھارتی ٹیم نے 271 اوورز تک فیلڈنگ کی اور وہ صرف 6 سری لنکن بیٹرز کو ہی آؤٹ کرسکے۔

میچ کے پانچویں دن کے اختتام پر دونوں ٹیموں کی جانب سے صرف ایک ایک اننگ کے بعد ہی میچ ڈرا ہوگیا۔

سری لنکا کی  جانب سے 952 رنز کا اسکور آج تک ٹیسٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا اسکور ہے۔27 سال قبل بننے والے اس ریکارڈ کو آج تک کوئی توڑ نہیں سکا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگ میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا، جس نے 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 903 رنز بنائے تھے۔ 

مزید خبریں :