06 اگست ، 2024
بھارت نے بنگلادیش کی فوجی قیادت سے رابطہ کرکے امن و امان اور معمولات جلد از جلد بحال کرنے پر زور دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے بنگلا دیش کی فوجی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور ملک میں امن و امان اور معمولات جلد از جلد بحال کرنے پر زور دیا ہے۔
بھارت کے اعلیٰ حکومتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ مودی سرکار بنگلا دیشی آرمی چیف وقار الزماں سے رابطے میں شیخ حسینہ کے استعفےکے بعد ملک میں حالات معمول پر لانے میں مددکے لیے آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ شیخ حسینہ کے ساتھ بھارت میں مہمان جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
خیال رہےکہ تقریباً 16 سال تک برسراقتدار رہنے والی بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ گزشتہ روز 36 روز سے جاری طلبا تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ حسینہ واجد ایک C-130 ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے اتر پردیش کے غازی آباد کے ہندن ائیر بیس پر اتری تھیں، اس دوران بھارتیہ فضائیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں نے حسینہ واجد کے طیارے کی نقل و حرکت کی ہندن ائیربیس تک کڑی نگرانی کی، ہندن ائیر بیس پر بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے بھی حسینہ واجد کی ملاقات ہوئی۔
اس کے بعد بنگلادیشی میڈیا کا دعویٰ سامنے آیا کہ بنگلادیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو برطانیہ منتقلی سے قبل بھارت میں محفوظ خفیہ مقام پر رہائش دے دی گئی ہے اور برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک ان کا بھارت میں قیام کا امکان ہے۔