Time 07 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ عجیب گلی جس سے گزرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں

وہ عجیب گلی جس سے گزرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں
یہ وہ گلی ہے / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

دنیا میں متعدد ایسے عجیب مقامات ہیں جن کو دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ایسی ہی ایک گلی جرمن شہر Reutlingen میں موجود ہے جس سے گزرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔

جی ہاں واقعی یہ دنیا کی سب سے تنگ گلی ہے اور بھاری جسامت والے افراد کے لیے اس میں سے گزرنا لگ بھگ ناممکن ہے۔

اسپرئیرہوفسٹریب نامی اس گلی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی سب سے تنگ گلی قرار دیا ہے جو اپنے تنگ ترین مقام پر محض ایک قدم جتنی چوڑی ہے۔

یہ گلی عمارات کے درمیان دبی ہوئی ہے اور چونکہ یہ راستہ سرکاری پراپرٹی میں موجود ہے تو اسے تکنیکی طور پر پبلک اسٹریٹ سمجھا جاسکتا ہے۔

اوسطاً اس گلی کی چوڑائی 1.31 فٹ ہے جبکہ سب سے چوڑے مقام پر ایک سے دوسری دیوار کے درمیان فاصلہ 1.64 فٹ ہے۔

وہ عجیب گلی جس سے گزرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں
بھاری جسامت کے افراد اس میں پھنس بھی سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

گلی میں پھنسنے کے خطرے کے ساتھ ساتھ اس سے گزرتے ہوئے بیشتر افراد کے لیے اپنے سر کو بچانا بھی ضروری ہوتا ہے۔

64 فٹ لمبی اس گلی کے آخری سرے پر 5.9 فٹ کی بلندی پر رکاوٹ بنی ہے جس سے سر ٹکرا سکتا ہے۔

یہ گلی جرمن شہر کے پرانے حصے میں واقع ہے جہاں 1726 میں آتشزدگی سے بیشتر عمارات تباہ ہوگئی تھیں۔

1727 میں وہاں عمارات کی تعمیر کے دوران یہ گلی وجود میں آئی اور 1820 میں اسے پبلک اسٹریٹ قرار دیا گیا۔

2007 میں اس کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بنا اور وقت کے ساتھ اس سے گزرنا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ گلی کے ایک سرے میں موجود 18 ویں صدی کی عمارت کی حالت کافی خراب ہوچکی ہے مگر حکومت نے اسے نہ گرانے کا فیصلہ کیا ہے، مگر اس کی دیوار گلی کی جانب جھکتی جا رہی ہے۔

تو جب تک یہ عمارت کھڑی ہے دنیا کی تنگ ترین گلی کا ریکارڈ اسپرئیرہوفسٹریب کے پاس ہی رہے گا۔

مزید خبریں :