07 اگست ، 2024
جماعت اسلامی بنگلا دیش کے سابق امیر غلام اعظم کے بیٹے اور بنگلادیش فوج کے بریگیڈیئر جنرل (معطل ) عبداللہ الامان اعظمی کو 8 سال کی اسیری کے بعد رہا کر دیا گیا۔
بنگلادیشی اخبار کے مطابق عبداللہ الامان اعظمی اور سپریم کورٹ کے وکیل احمد بن قاسم ارمان منگل کو علی الصبح اپنے اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔
دریں اثنا، بنگلا دیش جماعت اسلامی نے اپنے تصدیق شدہ فیس بک پیج پر ایک پوسٹ کے ذریعے ان کی رہائی کی تصدیق کی۔
عبداللہ الامان اعظمی جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام اعظم کے بیٹے ہیں جبکہ احمد بن قاسم ارمان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مرحوم میر قاسم علی کے بیٹے ہیں۔
وکیل احمد بن قاسم ارمان کو 9 اگست 2016 کو ڈھاکا میں میرپور کے علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اور اسی سال 23 اگست میں بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الامان اعظمی کو زبردستی اٹھایا گیا جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔
تازہ ترین پیشرفت میں کچھ سابق فوجیوں اور جبری گمشدگی کے متاثرین نے پیر کی رات ڈھاکا چھاؤنی کے قریب احتجاج بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ مبینہ طور پر 'آئینہ غور' کے اسیروں کو رہا کیا جائے۔
جماعت اسلامی نے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الامان اعظمی کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اللہ جبری گمشدگی کے متاثرین کو ہمیں واپس ملوائے۔