08 اگست ، 2024
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح سرکار اور صارف پر بوجھ کم ہوسکتا ہے۔
نیشنل ٹاسک فورس و اسٹرکچرل ریفارمز کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر توانائی اویس لغاری اور معاون خصوصی محمد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹاسک فورس میں ہونے والی پیشرفت پر آگاہ کیا۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ توانائی کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جتنا جلدی ہم چیزوں کو ٹھیک کریں گے معیشت بہتر سمت میں چلے گی۔
اویس لغاری کاکہنا تھا کہ اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اور ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، پاور سیکٹر سے منسلک تمام ادارے ٹاسک فورس میں شامل ہیں، پاکستان کو توانائی کا ایک صحت مند شعبہ دیں گے۔
پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے توانائی محمد علی نے کہا کہ آئی پی پیز اور پیدواری لاگت سے متعلق مسائل کو دیکھ رہے ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح سرکار اور صارف پر بوجھ کم ہوسکتا ہے، اس حوالے سے ٹاسک فورس کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا جس کے بعد پیشرفت سے عوام کو آگاہ کیا جائےگا۔