11 اگست ، 2024
پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کی وطن واپسی پر اپنے والد سے ملاقات کے جذباتی مناظر کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیے۔
اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے بعد قومی ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ارشد ندیم کی پرواز رات 1 بج کر 25 منٹ پر لاہور پہنچی ، اس موقع پر ان کے طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا ۔
ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے لاہور ائیر پورٹ پہنچے ، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کر دیا۔عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کے لیے آیا۔
ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔
اس موقع پر کچھ جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور بظاہر ارشد کی آنکھیں نم تھیں۔
ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدورہوں،اللہ کا کرم ہوگیا۔
اس کے علاوہ ارشد ندیم کے بھائی نے لاہور ائیر پورٹ پر جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں کہاکہ بھائی کی کا میابی پر بہت خوشی ہیں۔