11 اگست ، 2024
بھارت میں ایک معروف کافی شاپ کے آؤٹ لیٹ میں خواتین کے واش روم سے خفیہ کیمرا برآمد ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق معروف کافی شاپ "Third Wave Coffee" کے بنگلورو میں قائم آؤٹ لیٹ میں خواتین کے واش روم سے ایک اسمارٹ فون برآمد کیا گیا جس میں 2 گھنٹے سے ریکارڈنگ جاری تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے کا ذکر ایک انسٹاگرام صارف نے اپنے اکاؤنٹ پر کیا جو اس واقعے کے وقت کافی شاپ میں موجود تھا۔
صارف نے لکھا کہ "ایک موبائل جس میں 2 گھنٹے سے ریکارڈنگ کی جاری تھی اسے خواتین کے واش روم میں موجود کچرے کے ڈبے (ڈسٹ بن) میں چھپایا گیا تھا اور موبائل کو فلائٹ موڈ پر رکھا گیا تھا تاکہ اس میں کوئی گھنٹی نا بجے جبکہ کیمرے کا رخ واش روم کی سیٹ کی طرف کیا گیا تھا"۔
سوشل میڈیا صارف نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ یہ بات جلد ہی معلوم ہوگئی کہ واش روم میں چھپایا گیا فون کافی شاپ پر کام کرنے والے ایک ملازم کا ہی ہے جسے اس نے وہاں رکھا تھا اور بعد ازاں پولیس نے اس ملازم کو گرفتار بھی کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے پر کافی شاپ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسٹمرز (گاہکوں) کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس واقعے میں ملوث ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف قانونی ایکشن بھی لے لیا گیا ہے۔