11 اگست ، 2024
گڈز اور سروسز کی برآمدات میں دیوالیہ کا شکار ہونے والا ملک سری لنکا بھی پاکستان سے آگے نکل گیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دیوالیہ ہونے کے باوجود سری لنکا مجموعی برآمدات بڑھانے میں کامیاب رہا، سری لنکا کی مجموعی برآمدات جی ڈی پی کے 30 فیصد تک پہنچ گئیں جبکہ پاکستان کی مجموعی برآمدات جی ڈی پی کے 12 فیصد کے برابر ریکارڈ کی گئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق فلپائن، مصر اور بنگلا دیش بھی برآمدات میں پاکستان سے آگے ہیں جبکہ پڑوسی ملک بھارت کی برآمدات بھی جی ڈی پی کے 24 فیصد تک پہنچ گئی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق مصر برآمدات میں سب سے آگے ہے جس کی برآمدات جی ڈی پی کا 30 فیصد ہیں، فلپائن کی برآمدات جی ڈی پی کے 22 فیصد تک پہنچ گئی ہیں جبکہ بنگلا دیش کی مجموعی برآمدات جی ڈی پی کے 16 فیصد کے برابر ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ملکی برآمدات گزشتہ 13سال سے خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہیں، پاکستان لیبر پیداوار صلاحیت میں بھی خطے کے سب ممالک سے پیچھے ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق لیبر پیداوار میں سری لنکا اور بنگلا دیش بھی پاکستان سے آگے ہیں، بھارت، ترکیے اور فلپائن کی لیبر پیداوری صلاحیت بھی پاکستان سے زیادہ ہے۔