11 اگست ، 2024
قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کریں گے۔
شان مسعود کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، کوچز جیسن گلیپسی اورگیری کرسٹن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کوچز بہترین ہیں، کوچز کے ساتھ کام کرنے کا بہت اچھا موقع مل رہا ہے، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 میچز میں سے زیادہ میچز جیتنے ہوں گے۔
شان مسعود نے اولمپکس میں گولڈ میڈل لینے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم سے متعلق کہا کہ وہ قومی ہیرو ہیں، کسی بھی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا باعث فخر ہے، ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کریں گے۔
کپتان ٹیسٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئیں، دس ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، موجودہ سیٹ اپ میں میچ فکسنگ سے متعلق کسی پر انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی، آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیت نہ سکے۔
شان مسعود نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سب سے زیادہ چیلنجنگ ہوتی ہے، مختلف ڈریسنگ رومز میں وقت گزارا جس میں غیرملکی کوچز بھی تھے، کھلاڑیوں کو لیگ اور فرنچائز کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے، بنگلادیش کو ہلکی ٹیم تصور نہیں کریں گے، ان کا تجربہ کار اسکواڈ ہے۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے اسٹائل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلےگا،ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقین کرکٹ خوش ہو جائیں۔