Time 11 اگست ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم میاں چنوں میں اپنے گھر پہنچ گئے، شاندار استقبال

پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم میاں چنوں میں اپنے گھر پہنچ گئے، شاندار استقبال
پاکستانی قوم کا استقبال دیکھ کر بہت خوش ہوں، قوم نے پیرس اولمپکس کی پرفارمنس سے بڑھ کر میرا استقبال کیا: ارشد ندیم/ فائل فوٹو 

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے  قومی ہیرو ارشد ندیم میاں چنوں میں اپنے گھر پہنچ گئے۔

گزشتہ رات لاہور ائیرپورٹ پہنچنے والے ارشد ندیم کا وطن واپسی پر قوم نے  والہانہ استقبال کیا اور اب وہ اپنے گاؤں میاں چنوں پہنچ گئے ہیں، گھر پہنچنے پر رشتہ داروں اور گاؤں والوں نے اپنے ہیرو کا شاندار طریقے سے استقبال کیا۔  

گھر پہنچنے پر ارشد ندیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کا استقبال دیکھ کر بہت خوش ہوں، قوم نے پیرس اولمپکس کی پرفارمنس سے بڑھ کر میرا استقبال کیا۔

قومی جیولین تھرور کا کہنا تھا کہ لوگوں نے مجھے اتنا پیار دیا، ان کا بے حد مشکور ہوں،  پوری قوم کا شکریہ جنہوں نے میرا والہانہ استقبال کیا۔

گولڈ میڈلسٹ نے مزید کہا کہ آئندہ بھی پاکستان کیلئے جیتنے کی بھرپورکرشش کروں گا، پیرس اولمپکس میں ریکارڈ توڑنے پر خوشی ہے، نیرج چوپڑا بھی میرے بھائیوں کی طرح ہے۔

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے مقابلے میں 92 اعشاریہ 97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی تھی، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اکیلے شخص نے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔

مزید خبریں :