12 اگست ، 2024
سینیٹر فیصل واوڈا نے جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لینے اور ان کے خلاف کورٹ مارشل کا عمل شروع ہونے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ فیض حمید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک ہی نام ہے، یہ شروعات ہے معاملہ بہت دور تک جائےگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ معاملہ بہت دور تک جائےگا، یہ شروعات ہے، ابھی بہت بڑے بت گرنے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بات صرف کرپشن تک نہیں رہےگی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈر شپ بھی اس کا حصہ ہے، فیض آباد دھرنا کیس تو بہت چھوٹا ہے، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے زبردست فیصلہ ہوا ہے، جو ملک کو نقصان پہنچائےگا اس کا احتساب ہوگا، فیض حمید اور تحریک انصاف ایک ہی نام ہے، ہمیں اس وقت جشن منانا چاہیےکہ پاکستان حقیقی طور پر ترقی کی طرف جا رہاہے، ہم سب کا یہی طریقہ ہونا چاہیےکہ سیاست کریں اور اداروں کو ان کا کام کرنے دیں، اب ملک میں احتساب کا عمل نظر آئےگا۔