12 اگست ، 2024
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پیش نظر نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کے کام کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہے جس کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم کے بعد اب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوگیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے سامنے پرانی بوسیدہ اسکور بورڈ بلڈنگ کو گرا دیا گیا ہے جبکہ اطراف میں اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کی سیڑھیاں بھی توڑ دی گئیں۔
اس کے علاوہ چھت سے ٹیفلون بھی ہٹا دی گئی، اب اس جگہ نئی عمارت بنائی جائے گی جہاں میڈیا سینٹر کے علاوہ وی آئی پی باکسز بنائیں جائیں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں ہونی ہے لیکن اس سے قبل بنگلادیش کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہے۔
اس لیے ان دنوں میں دن کے بجائے رات میں کام کیا جائے گا تاکہ میچ کے دوران کھلاڑیوں کو پریشانی نہ ہو۔