13 اگست ، 2024
بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے لوکارنو فلم فیسٹیول میں کیریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
شاہ رخ خان نا صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں بھارت کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی کئی ایوارڈز سے نوازا جا چکاہے ۔
اداکار حال ہی میں سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے لوکارنو فلم فیسٹیول میں شرکت کی اور ایوارڈ حاصل کیا۔
شاہ رخ خان اس شاندار تقریب میں سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیے شریک ہوئے، لیکن کپڑوں سے زیادہ ان کے ہاتھ میں پہنی گئی گھڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
جیسے ہی اس تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین اس گھڑی کی قیمت جاننے کیلئے بے چین ہوئے۔
یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ گھڑی بھی کوئی معمولی نہیں بلکہ ہزاروں ڈالرز مالیت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوکارنو فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کے ہاتھ میں پہنی گئی کالے رنگ کی یہ گھڑی معروف برانڈ Patek Phillipe کی ہے اور اس کی قیمت بہت سے لوگوں کی پوری زندگی کی آمدن سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس گھڑی کی مالیت 71 ہزار ڈالرز (جوکہ تقریباً دو کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔