13 اگست ، 2024
کراچی: اداکارہ نمرہ خان کے مبینہ اغوا کے معاملے میں پولیس نے اداکارہ کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروادی۔
نمرہ خان نے ایس ڈی پی او ساحل پولیس منیشا روپیتا کی ملاقات ہوئی ہے۔
اداکارہ نمرہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی، میں پولیس افسر سے مل کر بہت مطمئن ہوں، پولیس نے بہت تعاون کیا۔
نمرہ خان کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق مقدمہ درج نہیں کروانا چاہتی، مجھے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات میں مزید پیشرفت کرتے ہوئے رپورٹ تیار کرلی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار شخص خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے، اداکارہ نمرہ واقعے کے فوری بعد وہاں سے بھاگ گئی تھیں، خاتون کو جاتا دیکھ کر ایک گاڑی میں سوار شہری بھی رکتا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار شخص موقع سے فرار ہوگیا تھا، خاتون سے کوئی چیز نہیں چھینی گئی۔
اس سے قبل پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کہا تھا کہ انہوں نے ایک روز قبل ہونے والے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنادی۔
نمرہ خان نے اس بات کا انکشاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں کیا جس میں انہوں نے اپنے اغوا کی کوشش کی دل دہلا دینے والی تفصیل صارفین کو بتائی۔
اداکارہ کے مطابق یہ واقعہ ایک روز قبل پیش آیا جب وہ ڈیفنس کے ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں، ان کی فیملی انہیں پِک کرنے آرہی تھی کہ گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی جس کے بعد بارش شروع ہوگئی اور وہ ہوٹل کے باہر کھڑی انتظار کرنے لگیں۔
نمرہ نے بتایا کہ 3 مسلح افراد آئے اور ان کے قریب گاڑی روکی، اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی گئی۔
نمرہ خان نے کہا کہ اس میں سے ایک شخص نے میرے پیٹ پر بندوق رکھی جس کے بعد میں نے چیخیں مارنا شروع کردیں اور مزاحمت کرکے بھاگی، جس وقت یہ ہورہا تھا اس وقت ہوٹل کے گارڈز سامنے تھے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، میں بھاگی، میری کسی نے مدد نہیں کی، اس وقت کچھ بھی ہوسکتا تھا وہ پیچھے سے مجھے گولی مار سکتے تھے لیکن میں بچ گئی۔