Time 13 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

اگر آپ ناخوش ہیں تو اس دن چھٹی کرکے آرام کریں، چینی کمپنی کی منفرد پالیسی

اگر آپ ناخوش ہیں تو اس دن چھٹی کرکے آرام کریں، چینی کمپنی کی منفرد پالیسی
کمپنی کے چیئرمین نے اس پالیسی کا اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میش ایبل

کیا آپ بہت اداس یا ناخوش ہیں اور کام کرنا نہیں چاہتے تو چین میں آپ ایسے دن چھٹی کرسکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی چین کی ایک سپر مارکیٹ چین پانگ ڈونگ لائی نے ایک نئی پالیسی متعارف کرائی ہے۔

اس پالیسی کے تحت ملازمین ایک سال میں 10 دن ان ہیپی (unhappy) لیوز لے سکتے ہیں۔

کمپنی کے بانی اور چیئرمین یو ڈونگ لائی نے اس منفرد پالیسی کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کمپنی کے ملازمین اداس یا ناخوش ہیں تو وہ سال بھر میں 10 دن اضافی چھٹیاں کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ہر ایک کے ساتھ ایسا ہوتا ہے جب وہ خوش نہیں ہوتا، تو اگر آپ ناخوش ہیں تو کام پر مت آئیں'۔

اس کمپنی کی نئی پالیسی کے تحت ملازمین کو روزانہ 7 گھنٹے کام کرنا ہوگا اور انہیں ہفتہ وار چھٹی بھی ملے گی۔

اسی طرح وہ سالانہ 40 دن کی تعطیلات کے حقدار بھی ہوں گے جبکہ چینی نئے سال کے آغاز پر 5 دن کی چھٹیاں الگ ہوں گی۔

یو ڈونگ لائی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملازمین صحت مند اور پرسکون زندگی گزاریں اور زیادہ لمبے وقت تک کام کرنا غیر اخلاقی ہے۔

ان کی اس نئی پالیسی کا مقصد ملازمین کے کام اور زندگی کے درمیان توازن کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ تنہائی اور ڈپریشن جیسے مسائل سے بچ سکیں۔

مزید خبریں :