Time 15 اگست ، 2024
کھیل

ارشد ندیم کے گولڈ میڈل نے دشمنوں کے بیانیے کو توڑا: گورنر سندھ

ارشد ندیم  کے گولڈ میڈل نے دشمنوں کے بیانیے کو توڑا: گورنر سندھ
سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کو آج 5 کروڑروپے کا چیک دیا جائے گا جبکہ کل رات ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کے انعامات دیے گئے، گورنر سندھ 

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کے گولڈ میڈل نے دشمنوں کے بیانیے کو توڑ دیا ہے۔ 

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ کراچی میں عوام کی محبت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری   نے مجھے بہت عزت دی، گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام میں شریک طلبا کو 100 لیٹ ٹاپ دوں گا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ کل عوام کو دیکھ کر دل کر  رہا تھا کہ ابھی جیولن دیں تو ورلڈ ریکارڈ بنا دوں،  آنے والے وقت میں اور محنت کروں گا، جیسا کوالیفائی راونڈ تھا اس کے بعد کافی پر اعتماد تھا، پہلے تھرو میں رن اپ اوور ہوگیا تھا اس کے بعد خود کو کنٹرول کیا اور اپنے رن اپ پر کافی کام کیا، قد کا بھی ایڈوانٹیج ہے۔ 

ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  میرے گاؤں آئیں اور عزت بخشی، وزیر اعظم شہبازشریف نے پی ایم ہاؤس بلا کر عزت دی جبکہ ایک دو دن میں آرمی چیف سے بھی ملاقات ہو گی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہوتی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے ایتھلیٹس پوری دنیا میں اچھا کر رہے ہیں، اگر فٹ رہا تو 2032 کے اولمپکس میں بھی شرکت کروں گا۔ 

پریس کانفرنس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کا کراچی میں شاندار استقبال کیا گیا، پورا سندھ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا منتظر ہے۔

گزشتہ رات ارشد ندیم کو  10 کروڑ روپے کے انعامات دیے گئے، آج سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کو 5 کروڑروپے کا چیک دیا جائے گا۔  

گورنر سندھ نے کہا کہ میں ان کی فیملی اور کوچز کا بھی شکر گزار ہوں، ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کو اکٹھا کیا ہے اور ان کے گولڈ میڈل نے دشمنوں کے بیانیے کو توڑا ہے۔ 

مزید خبریں :