فیکٹ چیک:ماہ رنگ بلوچ کی غیر ملکی صحافی کے ساتھ تصویر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے

تصویر میں موجود غیر ملکی شخص اوسلو میں مقیم ایک کیمرہ مین ہیں، جن کا نام عولا ہانا ہے۔

متعدد پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک نامعلوم غیر ملکی کے ساتھ بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی تصویر شیئر کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین اس تصویر کو ”ریاست مخالف“ ایجنڈا کے طور پر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے کردار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔ تصویر میں نظر آنے والا شخص ایک کیمرہ مین ہے اور یہ تصویر مئی میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا انٹرویو ریکارڈ کرنے والی ایک نیوز آرگنائزیشن نے بنائی ہے۔

دعویٰ

یکم اگست کو ایک صارف نے X (جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا)، پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ایک غیر ملکی شخص کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ”ماہ رنگ بلوچ غریب بلوچوں کے بچوں کو جنگ میں جھونک کر خود انگریزوں کے ساتھ رنگ رلیاں منا رہی ہے۔“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 25ہزار سے زائد بار دیکھا اور 66 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا۔

فیکٹ چیک:ماہ رنگ بلوچ کی غیر ملکی صحافی کے ساتھ تصویر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے

اسی دن ایک اور X اکاؤنٹ نے بھی یہی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ”دیکھیں یہ وہ نہیں۔ یہ ماہ رنگ بلوچ ہے۔ مگر کہاں منہ کالا کر رہی ہے۔ تصویر نے بھانڈا پھوڑ دیا۔“

اس پوسٹ کواب تک 37ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا اور 463 بار ری پوسٹ کیا گیا۔

فیکٹ چیک:ماہ رنگ بلوچ کی غیر ملکی صحافی کے ساتھ تصویر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے

اسی سے ملتے جلتے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کئے گئے۔

حقیقت

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی یہ تصویر اوسلو میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے 30 مئی کو ہونے والے ایک ویڈیو انٹرویو کے بعد نارویجن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (NRK) کے اسٹوڈیو میں لی گئی تھی ۔

تصویر میں نظر آنے والا غیر ملکی شخص ایک کیمرہ مین ہے، جس کا نام عولا ہانا ہے۔

ایک پاکستانی صحافی کیّابلوچ نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کےناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ایک سرکاری ٹیلی ویژن چینل NRK کو دیے گئے ایک انٹرویو کے بعد انہوں نے خود یہ تصویربنائی تھی ۔ انہوں نے یہی تصویر جولائی میں اپنے X اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

ان معلومات کی مزید تصدیق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا انٹرویو کرنے والے NRK کے ایک صحافی عطا انصاری نے بھی کی۔ عطا انصاری نے اس انٹرویو کے دوران لی گئی مزید تصاویر بھی جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کیں۔

فیکٹ چیک:ماہ رنگ بلوچ کی غیر ملکی صحافی کے ساتھ تصویر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے
NRK کے صحافی عطا انصاری کے اوسلو میں لئے گئے انٹرویو کے بعدماہ رنگ بلوچ کی تصویر، جسے کیمرہ مین عولا ہانا نے ریکارڈ کیا تھا۔

انہوں نے ٹیلی فون پر بتایا کہ تصویر میں نظر آنے والا غیر ملکی شخص عولا ہانا ہے، عولا ہانا اوسلو میں مقیم ایک کیمرہ مین ہیں جنہوں نےاس دن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا انٹرویو ریکارڈ کیا تھا۔ عولا ہانا نے بھی جیو فیکٹ چیک کو ایک ای میل کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ NRK کے ساتھ کام کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ وائرل تصویر میں عولا ہانا کو واضح طور پر NRK کے لوگو کے ساتھ ایک کیمرہ پکڑے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

فیکٹ چیک:ماہ رنگ بلوچ کی غیر ملکی صحافی کے ساتھ تصویر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے
 وائرل تصویر میں کیمرے پر NRK کا لوگو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ تصویر میڈیا انٹرویو کے بعد لی گئی تھی۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔