15 اگست ، 2024
اسپیشل وائلڈ لائف اسکواڈ پنجاب نے دریائے راوی سے نایاب کچھووں کا شکار کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات مدثر ریاض کے مطابق ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے 7 کچھوے زندہ جبکہ 3 مردہ حالت میں ملے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی ۔ ملزمان سے پستول ، گولیاں، جال، کلہاڑی، ٹوکہ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ۔
کامیاب کارروائی پر سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلی حیات کے عملے اور افسران کو سراہا۔
واضح رہے کہ مریم اورنگزیب کی ہدایت پر صوبے بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی کاروبار کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے۔