Time 16 اگست ، 2024
پاکستان

پی آئی اے کی قاہرہ میں تباہ ہونیوالی پرواز میں زندہ بچنے والے صلاح الدین انتقال کرگئے

پی آئی اے کی قاہرہ میں تباہ ہونیوالی پرواز میں زندہ بچنے والے صلاح الدین انتقال کرگئے
پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی قاہرہ طیارہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے 6 مسافروں میں سے آخری حیات مسافر تھے— فوٹو: رپورٹر/فائل

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے سابق جنرل منیجر پبلک افیئرز صلاح الدین صدیقی 93 برس کی عمر میں آج لندن میں انتقال کر گئے۔

صلاح الدین صدیقی جنرل منیجر پبلک افیئرز کے عہدے سے 1980 میں پی آئی اے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ 20 مئی 1965 کو پی آئی اے کی کراچی سے قاہرہ کیلئے افتتاحی پرواز پی کے 705 لینڈنگ سے کچھ پہلے قاہرہ ائیرپورٹ سے 20 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہو گئی تھی۔

اس افتتاحی پرواز کو کراچی سے ظہران ( سعودی عرب)، قاہرہ اور وہاں سے لندن جانا تھا۔

پی آئی اے کی قاہرہ میں تباہ ہونیوالی پرواز میں زندہ بچنے والے صلاح الدین انتقال کرگئے
اس حادثے میں 6 خوش قسمت مسافر زندہ بچ گئے تھے— فوٹو: پی آئی اے

پرواز میں مسافروں اور عملے سمیت 128 مسافر سوار تھے، حادثے میں 122 مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہو گئےتھے، ان میں پی آئی اے کی معروف ائیرہوسٹس مومی گل درانی بھی شامل تھیں۔

 پی آئی اے کے جرمن زبان میں شائع ہونے والا ایک اشتہار جس میں معروف ائیرہوسٹس مومی گل درانی نے کام کیا — فوٹو: پی آئی اے

اس افسوسناک حادثے میں 21 صحافی بھی جاں بحق ہوئے۔ ان میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ایڈمنسٹریٹر مسٹر اے کے قریشی اور نیشنل پریس ٹرسٹ کے چیئرمین میجر جنرل حیا الدین بھی شامل تھے۔

اس حادثے میں 6 خوش قسمت مسافر زندہ بچ گئے تھے۔

آج انتقال کر جانے والے پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر صلاح الدین صدیقی اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے آخری حیات مسافر تھے۔ 

پی آئی اے کی قاہرہ میں تباہ ہونیوالی پرواز میں زندہ بچنے والے صلاح الدین انتقال کرگئے
اس افسوسناک حادثے میں 21 صحافی بھی جاں بحق ہوئے— فوٹو: پی آئی اے

صلاح الدین صدیقی طویل عرصے سے لندن میں مقیم تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صلاح الدین صدیقی کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

پی آئی اے ترجمان نے ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے صلاح الدین صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اورکہا کہ آج ہم اپنے ایک دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئے، قومی ائیر لائن کیلئے صلاح الدین صدیقی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں :