17 اگست ، 2024
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگاہی مہم شروع کرنےکی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، منکی پاکس کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے روابط بہتر بنائے جائیں اور منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگاہی مہم شروع کی جائے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا، متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، حالت خطرے سے باہر ہے، پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے، منکی پاکس کے حوالے سے این سی او سی نے نیشنل ایڈوائزری جاری کر دی ہے، سول ایوی ایشن منکی پاکس کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی، صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد میں بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز مختص کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔