Time 19 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سلمان خان کی سپر ہٹ فلم 35 سال بعد پھر سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی

سلمان خان کی سپر ہٹ فلم 35 سال بعد پھر سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی
فوٹو: فائل

بالی وڈ کے سپر اسٹار اور فلم انڈسٹری میں بھائی جان کے نام سے مشہور سلمان خان 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

سلمان خان نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دیں، یہی وجہ ہے کہ فینز ان کی فلم کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، لیکن ان کی گزشتہ کچھ فلمیں زیادہ بزنس کرنے میں ناکام رہیں جس کے بعد ان کے مداح کچھ مایوس ہوئے۔

تاہم اب سلمان خان کے فینز کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے۔  

سلمان خان کی کوئی نئی فلم نہیں بلکہ 35 سال قبل ریلیز ہونے والی سپر ہٹ مووی' میں نے پیار کیا 'کو دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں نے پیار کیا جس سے  سلمان خان نے بطور ہیرو بالی وڈ میں انٹری ماری  23 اگست کو بھارت کے مخصوص تھیٹرز میں دوبارہ ریلیز کیلئے تیار ہے۔ 

راج شری پروڈکشن کی یہ فلم سب سے پہلے 29 دسمبر 1989 کو ریلیز کی گئی تھی۔2 کروڑ روپے کی بجٹ کی اس فلم نے دنیا بھر سے تقریباً  30 کروڑ روپے کمائے تھے جس کے بعد یہ اُس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی وڈ فلم اور بزنس کے حساب سے 1980 کی دہائی کی کامیاب ترین بھارتی فلم تھی۔

فلم میں نے پیار کیا میں سلمان خان کے ساتھ بھاگیہ شری، آلوک ناتھ، موہنیش بہل، ریما لاگو نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

واضح رہے کہ اس فلم کی کامیابی نے سلمان خان اور بھاگیہ شری کو شہرت کی بلندی پر پہنچا دیا تھا۔

مزید خبریں :