Time 19 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

خوشی کپور نے خوبصورتی کیلئے ناک اور ہونٹ کی سرجری کرانے کا اعتراف کرلیا

خوشی کپور نے خوبصورتی کیلئے ناک اور ہونٹ کی سرجری کرانے کا اعتراف کرلیا
فوٹو: فائل

بالی وڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی اداکارہ خوشی کپور نے اپنی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ناک اور ہونٹ کی سرجری کرانے کا اعتراف کیا ہے۔

اداکارائیں ویسے تو خوبصورتی کیلئے سرجریز کروانے کے باوجود اس بات کا برملا اظہار نہیں کرتیں اور اکثر سرجری کے سوال سے کتراتی ہی ہیں۔

لیکن گزشتہ سال اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ خوشی کپور نے خوبصورتی میں اضافے کیلئے ہونٹ اور ناک کی سرجری کرنے کا بڑے آرام سے اعتراف کیا ہے۔

گزشتہ دنوں ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی جس میں  12 سال کی خوشی کو اپنی والدہ سری دیوی کے ساتھ ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کرتے دیکھا گیا۔

جیسے ہی یہ پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر نظر آئی تو صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے خوشی کپور کو ٹیگ کیا کہ آپ پہلے بہت مختلف تھیں اور اب الگ نظر آتی ہیں، خاص طور پر آپ کی ناک اور ہونٹوں میں بہت تبدیلی آئی ہے۔

اداکارہ نے صارف کو جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے خوبصورتی میں اضافے کیلئے ہونٹ اور نا ک کا ٹریٹمنٹ کروایا تھا۔

خوشی کپور نے خوبصورتی کیلئے ناک اور ہونٹ کی سرجری کرانے کا اعتراف کرلیا
خوشی کپور کی بچپن اور اب کی تصویر—فوٹو: فائل

خوشی کی جانب سے اس اعتراف کے بعد انہیں صارفین کی جانب سے کافی سراہا جارہا ہے۔

صارفین کا خیال ہے کہ اتنی سچائی سے سرجری کا اعتراف کرنے کیلئے مشہور شخصیات کو کافی ہمت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اکثر اداکارائیں تو قبول ہی نہیں کرتیں لیکن خوشی نے بڑی آسانی سے اس چیز کا اعتراف کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔

واضح رہے کہ خوشی سری دیوی اور بونی کپور کی چھوٹی بیٹی ہیں جبکہ ان کی بڑی بہن جھانوی کپور بھی بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں۔

خوشی کپور نے 2023 میں زویا اختر کی فلم دی آرچیز سے بالی وڈ ڈیبیو کیا تھا۔ 

مزید خبریں :