Time 19 اگست ، 2024
پاکستان

فیض حمید سے بیان دلوا کر مجھے ملٹری کورٹ کی طرف لے جایا جائے گا: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں  عمران خان کا کہنا تھاکہ فیض حمید سے کوئی بیان دلوا کر مجھے ملٹری کورٹ کی طرف لے جایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  میں نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مکمل حمایت کی لیکن انہوں نے میری کمر میں چھرا گھونپا، باجوہ نے نواز شریف سے ڈیل کرکے فیض حمید کو عہدے سے ہٹایا تھا۔ 

بانی پی ٹی آئی کاکہناتھا کہ سب کو معلوم ہے میرے خلاف باقی سارے کیسز فارغ ہو چکے ہیں، اس لیے وہ اب مجھے ملٹری کورٹس کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، یہ فیض حمید سے کوئی نہ کوئی ایسا بیان دلوائیں گے کہ 9 مئی سازش تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ جو سازش کرتا ہے وہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہیں کرتا، رجیم چینج میرے خلاف ہوا اور مجھے ہی جیل میں ڈال دیا گیا۔ 

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ انہیں شرم نہیں آتی یہ کہتے ہوئےکہ فیض بشریٰ بی بی کو ہدایات دیتا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاک فوج نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو تحویل میں لیا تھا۔ گزشتہ روز بھی کہا گیا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں 3 ریٹائرڈ افسران بھی فوجی تحویل میں ہیں۔

مزید خبریں :