Time 20 اگست ، 2024
کھیل

پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے غلط رپورٹنگ کی وضاحت کر دی

پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے غلط رپورٹنگ کی وضاحت کر دی
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)  نےآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے غلط رپورٹنگ کی وضاحت کر دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر ان حالیہ میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخیں دوبارہ شیڈول کی جا سکتی ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے یہ مایوس کن ہے کہ کچھ میڈیا آؤٹ لیٹس نے کل کی میڈیا بات چیت سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے تبصروں کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے اور سکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن طور پر حوالہ دیا ہے۔ اس طرح غیر ضروری سنسنی خیزی کو جنم دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق میڈیا ٹاک کے دوران، جو پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے، پی سی بی کے چیئرمین نے واضح طور پر کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے تیاری کو یقینی بناتے ہوئے، تینوں اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر اور دوبارہ ڈیزائن کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ 

پی سی بی کے مطابق محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ڈومیسٹک میچوں کو بلاتعطل تعمیراتی کام کی سہولت کے لیے منتقل کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے لیکن یہ کسی بھی طرح سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق نہیں ہے جو کہ 8  ٹیموں کے بین الاقوامی ایونٹ کے طور پر پی سی بی کے لیے ایک ترجیح بنی ہوئی ہے۔

پی سی بی کا کہناہے کہ ہم پاکستان کے 3 مشہور وینیوز پر عالمی معیار کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، جو ہمارے پرجوش کرکٹ شائقین کے لیے ایک ناقابل فراموش تجربے کو یقینی بناتا ہے۔ 

واضح رہے کہ پی سی بی نے پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک ڈرافٹ شیڈول پیش کر دیا ہے، جس کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہیں۔

مزید خبریں :