21 اگست ، 2024
پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا ہے جو انتہائی تیزی سے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔
رونالڈو نے یوٹیوب چینل کا نام UR · Cristiano رکھا ہے جس نے صرف ڈیڑھ گھنٹے میں 10لاکھ (1 ملین) سبسکرائبر حاصل کرکے ورلڈ ریکارڈ بنادیا ہے۔ وہ اب تک 3 گھنٹوں میں 3 ملین سے زائد سبسکرائبر حاصل کرچکے ہیں۔ ریکارڈ وقت میں سبسکرائبر کی یہ تعداد حاصل کرکے رونالڈو نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل تیز ترین 10 لاکھ یا 1 ملین سبسکرائبر حاصل کرنے کا ریکارڈ جنوبی کورین گلوکارہ جینی کِم کے پاس تھا جنہوں نے 7 گھنٹوں میں یہ سنگ میل طے کیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے رونالڈو کے یوٹیوب چینل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت اسے دنیا کا سب سے مقبول ہوتا یوٹیوب چینل بناسکتی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (MrBeast) 311 ملین سبسکرائبر کے ساتھ دنیا بھر میں نمبر ون ہیں۔
یوٹیوب پر اپنی ابتدائی ویڈیو میں رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے اس بارے میں سوچ رہے تھے اور آخر کار اسے حقیقت میں بدلنے کا موقع مل گیا۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں، اب میرا یوٹیوب چینل مجھے ایسا کرنے کے لیے ایک اور بڑا پلیٹ فارم فراہم کرےگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ فٹبالر اپنے یوٹیوب چینل پر فٹبال سے متعلق گفتگو کرتے نظر آئیں گے۔