22 اگست ، 2024
روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن کے مزار کو دنیا بھر میں جنوبی و مرکزی ایشیا کے قدیم ترین شہر ملتان کی پہچان قرار دیا جاتا ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند مزار کی زیارت کیلئے آتے ہیں۔
حضرت شاہ رکن عالم کا پورا خاندان علمی ، دینی اور روحانی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے، حضرت شاہ رکن عالم حضرت بہاؤ الدین زکریا ملتانی کے بیٹے حضرت صدر الدین عارف کے لخت جگر ہیں، حضرت شاہ رکن عالم 9 رمضان المبارک بروز جمعہ 649ہجری میں پیدا ہوئے تھے۔
آج حضرت شاہ رکن عالم کے مزار کے گنبد کو ملتان میں چھاؤں کا درجہ حاصل ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ حضرت شاہ رکن عالم اس سے قبل حضرت بہاؤ الدین زکریا کے مزار میں ان کے پاؤں کی جگہ مدفون تھے ؟ اور انھیں کیوں وہاں سے نکال کر نئے مقبرے میں مدفون کیا گیا؟
آج سے 700 سے 750 سال قبل حکمران محمد بن تغلق نے حضرت شاہ رکن عالم کا حالیہ مزار اپنے مقبرے کے طور پر تعمیر کروایا تھا تاکہ انھیں انتقال کے بعد اس مقبرے میں دفنایا جائے ۔
لیکن اس وقت حکمران محمد بن تغلق کے خواب میں بہاؤالدین زکریا آئے اور انھیں حکم دیا کہ میرے پوتے حضرت شاہ رکن عالم جو اس وقت میرے پاؤں کی جگہ پر مدفون ہیں انہیں تم نے اپنے لیے بنائے گئے مقبرے پر دفن کرنا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس کے بعد لاکھوں کی تعداد میں علما کرام، عمائدین اور شہریوں کی موجودگی میں حضرت شاہ رکن عالم کی میت کو نکال کر نئے مقبرے میں مدفون کیا گیا۔