Time 24 اگست ، 2024
کھیل

بھارتی ویزے جاری نہ ہونے پرپاکستان جونیئر اسنوکر ٹیم ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرسکی

بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستان کی اسنوکر ٹیم ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلئے اہم موقع ضائع ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔

ایونٹ کیلئے پاکستانی دستے میں پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر اے شیخ، ریفری نوید کپاڈیہ اور تین کھلاڑی احسن رمضان، محمد حسنین اختر اور محمد حمزہ الیاس شامل تھے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلور میں آج سے ہونے والے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنا تھی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پاکستانی دستے کو شرکت کی اجازت مل چکی تھی تاہم بھارتی حکام نے پاکستان ٹیم کیلئے کلیئرنس جاری نہیں کی۔

پی بی ایس اے کے ترجمان نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان اسنوکر ٹیم بلکہ بین الاقوامی اسنوکر برادری کے لیے بھی ایک بڑا مایوس کن امر ہے، ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے میڈلز جیتنے کے امکانات بہت زیادہ تھے اور ان کی عدم شرکت انتہائی مایوس کن ہے۔

پی بی ایس اے نے بھارت کی بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن اور انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

مزید خبریں :