25 اگست ، 2024
کچھ روز قبل کراچی کی کارساز روڈ پر ایک خاتون نتاشا کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا جس میں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی جاں بحق جب کہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔
اب ملزمہ کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس میں اسے دھٹائی کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، نتاشا کے الفاظ اور باڈی لینگویج سے ایسا ظاہر ہو رہا ہے کہ اسے اپنے کیے پر کوئی شرمندگی نہیں۔
نئی سامنے آنے والی ویڈیو میں ملزمہ کے گرد ہجوم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ رینجرز کے اہلکار ملزمہ کے آگے پیچھے موجود ہیں۔
ویڈیو میں نتاشا ہجوم میں کسی فرد کو کہتی ہے 'تم میرے باپ کو نہیں جانتے'۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین نے پاکستان کے نظام پر افسوس کا اظہار کیا اور تبصرے کیے۔
ایک اکاؤنٹ نے کمنٹ میں لکھا 'جو چیز خوفزدہ کرنے والی ہے وہ یہ ہے کہ یہاں اس ملزمہ کو کوئی پچھتاوا نہیں ہے، اسے کسی چیز سے کوئی فرق ہی نہیں پڑ رہا، یہ انتہائی شرمندگی کی بات ہے کہ یہ عورت کسی قسم کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں'۔
ایک اور خاتون صارف نے کہا 'اسے کوئی پچھتاوا نہیں کیونکہ یہ جانتی ہے کہ ہمارے ملک میں کیا ہوتا ہے'۔
ایک اور صارف نے کہا کہ 'پاکستان میں کوئی قانون نہیں ہے'۔
واضح رہے کہ کارساز کے علاقے میں اسٹیڈیم کے قریب تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں کو روندتی ہوئی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی جب کہ پولیس نے حادثے کی ذمہ دار خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔
واقعےکا مقدمہ بہادر آباد تھانے میں قتل بالسبب، لاپرواہی برتنے اور دیت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے،گاڑی کی ٹکر سے پانچ افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی ذمہ دار خاتون ڈرائیور نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارنے کے بعد ممکنہ طور پر فرار ہونے کی کوشش میں رفتار مزید بڑھائی اور کار کو بھی زور دار ٹکر ماری جس سے کار تباہ ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں خاتون کی گاڑی بھی اُلٹ گئی جس کے بعد مشتعل ہجوم نے خاتون کا گھیراؤ کرنا چاہا لیکن پولیس اور رینجرز نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سڑک پر پہلے سلور رنگ کی گاڑی گزرتی ہے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے باپ بیٹی موٹرسائیکل پر گزر رہے ہوتے ہیں کہ پیچھے سے وائٹ رنگ کی گاڑی بائیک کو ٹکر مارتی ہے۔ بعدازاں یہی گاڑی آگے جاکے سلور گاڑی کو کچلتی ہے۔