25 اگست ، 2024
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دورہ پشاور کے دوران پارٹی لیڈر شپ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے پشاور کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے جیل کاٹنے والے پارٹی وکررز اور ان کے اہلخانہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے سامنے ورکرز نے وزیراعلیٰ اور دیگر قیادت کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے، علیمہ پی کے 83 میں ورکرز سے ملیں اور ان کی ناراضگی دور کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کے ہمراہ ایم این اے شاندانہ گلزار اور پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ بھی موجود تھیں، علیمہ خان نے پارٹی قیادت سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ علیمہ خان نے دورے سے متعلق وزیر اعلیٰ سمیت کسی کابینہ رکن کو بھی اعتماد میں نہیں لیا اور انہوں نے خود ورکرز کو ساتھ لے کر عمران خان کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے پشاور تحصیل گورگٹھڑی کا بھی دورہ کیا، پشاور کے بعد مردان میں بھی علیمہ خان پارٹی کارکنوں سے ملیں اور مقامی لیڈر شپ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔