25 اگست ، 2024
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ماہ کےاندر تمام وفاقی سرکاری اداروں میں دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے وفاقی سرکاری اداروں کو پیپرلیس کرنےکیلئے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اداروں کوٹاسک سونپ دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ وفاقی سرکاری دفاترمیں ای آفس کےنفاذ میں سست روی قبول نہیں، ایک ماہ کےاندر تمام دفتری فائلز پرکام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے اور آئندہ ماہ سےکوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ ترجیحات میں سےایک ہے لہٰذا یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاترمیں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم آفس کے اسٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی اور وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے بذاتِ خود ای آفس پر فائلز موصول کیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ای آفس ڈیجیٹائیزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کیلئے کلیدی اقدام ہے۔ انہوں نے آئندہ 2 ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ پرپیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔