25 اگست ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی نئی اسرائیلی شرائط کو مسترد کردیا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق قاہرہ میں امریکا، مصر اور قطرکی ثالثی میں ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدےکے سلسلے میں حماس نے جنگ بندی معاہدےکی نئی اسرائیلی شرائط کو مسترد کردیا ہے۔
حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا ہےکہ جولائی میں منظور کی جانے والی جنگ بندی تجاویز پر قائم ہیں، اسرائیل کی دی گئی نئی شرائط کو مستردکرتے ہیں، جنگ بندی کے معاہدے فوری کرانے کی امریکا کی باتیں غلط اور انتخابی مقاصد کے لیے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق حماس کا وفد قاہرہ میں مصری اور قطری ثالث کاروں سے بات چیت کے بعد دوحا واپس چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نےغزہ جنگ بندی پر حالیہ بات چیت میں غزہ مصر بارڈر کے قریب قبضہ برقرار رکھنے کی شرط رکھی ہے، اس کے علاوہ جنگ بندی کے آغاز پر بے گھر فلسطینیوں کی اسکریننگ بھی شرائط میں شامل ہے۔
تاہم حماس کا کہنا ہےکہ جولائی میں منظور کی جانے والی جنگ بندی تجاویز پر قائم ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ میں 25 سال بعد پولیو کا کیس رپورٹ ہونے پرعالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ نے غزہ میں جلد پولیو ویکسی نیشن مہم شروع کرنےکا اعلان کیا ہے۔