پاکستان

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق

بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں 37 سے زائد فراد جاں بحق ہوگئے۔

بلوچستان کے متعدد اضلاع میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے واقعات اتوار اور پیر کی درمیانی شب رپورٹ ہوئے جن میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 23 افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ سے پنجاب جانے والی مسافر بسوں کو نامعلوم مسلح افراد نے روکا اور شناخت کے بعد فائر نگ کرکے 23 مسافروں کو قتل کردیا۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق
دہشتگرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سوگوار ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے ٹارگٹ کلنگ کے اس بہیمانہ واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگاکر مسافروں کوبسوں سےاتارا، فائرنگ کے بعد مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے بتایاجاتا ہے۔

شناخت کرنے کے بعد قتل کیے گئے افراد میں مسافروں کے ساتھ بسوں اور ٹرکوں کے ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔

تخریب کاری کے ایک اور واقعہ میں ضلع قلات کے علاقے مہلبی میں مسلح افرادکی فائرنگ سے پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افرادجاں بحق ہوگئے۔ ایس ایس پی دوستین دشتی کے مطابق فائرنگ سے پولیس کا ایک سب انسپکٹر، 4 لیویزاہلکار اور 5 شہری جاں بحق ہوئے۔

فائرنگ کے بعد نامعلوم حملہ آور فرار ہوگئے، گزشتہ رات مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنرقلات آفتاب احمد بھی زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق
گزشتہ رات مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنرقلات آفتاب احمد بھی زخمی ہوگئے— فوٹو:اے ایف پی

بولان کےعلاقےکولپور سے 4 افرادکی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیاگیا، لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اُدھر بولان کے علاقے دوزان میں انگریز راج میں تعمیر ہونے والے ریلوے پل بم دھماکے  کے نتیجے میں گرگیا، واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے۔ ریلوے پل گرنے سے اندرون ملک پنجاب اور سندھ کیلئے ریل سروس معطل ہوگئی۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق
شناخت کرنے کے بعد قتل کیے گئے افراد میں مسافروں کے ساتھ بسوں اور ٹرکوں کے ڈرائیورز بھی شامل ہیں— فوٹو: اے ایف پی

مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں بھی مسلح افراد نے رات گئے لیویز تھانے پر حملہ کیا تھا، فائرنگ کے تبادلہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

دہشتگرد حملوں میں 14 جوان شہید، 21 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد بزدلانہ کارروائیوں کی کوشش کی۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق
شہدا میں پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شامل ہیں— فوٹو: اے ایف پی

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 21 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہدا میں پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شامل ہیں۔

مزید خبریں :