26 اگست ، 2024
190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا آج پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا، دونوں ملزمان کے مین کونسل چوہدری ظہیر عباس اور عثمان گل غیر حاضر رہے، وکلا صفائی کی عدم حاضری پر تفتیشی گواہ پر 10ویں مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی، جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، عدالت نے گواہ پر جرح کے لیے وکلا صفائی کو مزید ایک موقع دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے معاون وکلا فیصل چوہدری اور انتظار پنجوتھہ کی جانب سے سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کرنےکی درخواست کی گئی جس کو عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت نے ریمارکس دیےکہ عدالت میں ہر تاریخ پر میڈیا ٹاک ہوتی ہے، سیاسی قیادت ملاقات کرتی ہے، پراسیکیوشن سمیت 200سے زائد ملازمین ڈیوٹی دیتے ہیں لیکن سماعت کے دوران صرف ریفرنس کی کارروائی آگے نہیں بڑھتی۔
نیب پراسیکیوٹر نے اس موقع پر وکلا صفائی کی درخواست کو مسترد کرنے اور گواہ پر جرح کرنے کے لیے مزید ایک موقع دینے کی استدعا کی، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 10 ویں سماعت ہے اور وکلا صفائی گواہ پر جرح مکمل نہیں کر رہے، ملزمان کی طرف سے 12 وکلا کے وکالت نامے موجود ہیں،جو حاضر ہیں ان کی حاضری لگائیں اور پوچھیں یہ اس ریفرنس میں وکیل ہیں یا نہیں، اگر یہ وکیل ہیں تو جرح مکمل کریں۔
معاون وکلا نے جواب دیا کہ ہم ملزمان کے وکلا ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ پھر آپ جرح کیوں نہیں کر رہے؟ معاون وکلا نے موقف اپنایا کہ جرح مرکزی وکلا ہی کریں گے، عدالت نے کہا کہ اگر وکلا صفائی حاضر نہیں ہوں گے تو ہمارے پاس قانونی پراسس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔
عدالت نے مزید سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔