Time 27 اگست ، 2024
پاکستان

’عالیار آگیا ہے‘ شاہد آفریدی نے نواسے کے ہمراہ پہلی ویڈیو شیئر کردی

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے اور سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نانا بن گئے ہیں۔

گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی کی شیئر کی گئی پوسٹ میں بیٹے کا نام ’عالیار‘ بتاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔

جس کے بعد اب شاہد آفریدی کے سوشل میڈیا  اکاؤنٹ سے نواسے کی پہلی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔

 ویڈیو میں شاہد آفریدی دونوں چھوٹی بیٹیوں کے ہمراہ اور نواسے کو گود میں اٹھائے دیکھے جا سکتے ہیں۔

شاہد آفریدی کے عقب میں نواسے کی پیدائش کے موقع پر کی جانے والی خوبصورت سجاوٹ بھی نمایاں ہے، اس موقع پر شاہد آفریدی کی سب سے چھوٹی بیٹی کو بے حد خوش اور پرجوش  دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں شاہد آفریدی بیٹی سے کہہ رہے ہیں کہ’ عالیا ر آگیا ہے ان کیلئے دعا کرنی ہے کہ اللہ انہیں صراط مستقیم پر چلائے’، جس پر دونوں بیٹیوں کی جانب سے پرجوش انداز میں آمین کہا جاتا ہے۔

شاہد آفریدی کی شیئر کی گئی ویڈیو  کو بڑی تعداد میں صارفین لائیک اور ری پوسٹ کر رہے ہیں اور مبارک بادکے پیغامات بھی بھیج رہے ہیں۔

یاد رہے قومی کرکٹر شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 24 اگست 2024 کو دونوں کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :