Time 28 اگست ، 2024
پاکستان

ارشد ندیم نے اولمپکس کا منظرگورنرہاؤس میں کیسے دہرایا؟

پاکستان کے ہیرو ارشد ندیم نے اولمپک گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے  کیلئے نیزہ پھینکنے کا منظر گورنرہاؤس سندھ میں دُہرا کر دلوں کو گرما دیا۔

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی دعوت پر ارشد ندیم اپنے والد سمیت اہل خانہ اور کوچ کے ساتھ گورنر ہاؤس میں مدعو تھے جہاں انکے اعزاز میں منعقد تقریب میں ایران، ترکیہ، اومان، بحرین، امارات،چین، انڈونیشیا،امریکا، برطانیہ اور بنگلادیش سمیت کئی ممالک کے قونصل جنرلز اور دیگر سفارتکار اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔

بزنس کمیونٹی کی وہ نامور شخصیات بھی دربار ہال میں منعقد تقریب کا حصہ تھیں جو ارشد ندیم کی کاوش کی اس قدر مداح تھیں کہ خوشی میں انکی آنکھیں روشن،چہروں پر مسکراہٹ تھی اور وہ کھلے دل کے ساتھ ارشد ندیم کو تحائف دینے کے لیے بے تاب تھے۔

تقریب میں انڈر ففٹین فٹبال ٹیم بھی مدعو تھی جو حال ہی میں انٹرنیشنل مقابلوں میں جیت کر ناروے سے لوٹی ہے اور فٹبال کے میدان میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

گورنر سندھ نے فٹبال ٹیم کو اپنی طرف سے 10 لاکھ روپے انعام دیا جبکہ بزنس شخصیات کی جانب سے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک لاکھ روپے اور موٹرسائیکل کا تحفہ دلوایا۔

گورنر ٹیسوری نے ارشد ندیم کی اہلیہ کو سونے کا سیٹ اور اولمپئین گولڈ میڈلسٹ کے دونوں کوچز سلمان اقبال بٹ اوررشید احمد ساقی کیلئے 5، 5 پانچ لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہے کہ گورنرسندھ نے اولمپکس میں میڈل جیتنے پر نہ صرف انکے اعزاز میں بڑے جشن کا اہتمام کیا تھا بلکہ جونیئر فٹبال ٹیم سمیت اسپورٹس کے ہر میدان سے تعلق رکھنےوالوں کیلئے  بھی وہ اسی فراغدلی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ گورنرسندھ کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ عوام کی سپورٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، ہرانسان کی جس طرح گورنر سندھ خدمت کررہےہیں، سارے انسان اگر کامران ٹیسوری کی طرح کام کریں تو پاکستان انتہائی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب گورنر سندھ سے ملتا ہوں تو دل چاہتا ہے کہ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ جاری رہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے جونیئر فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ارشد ندیم کو رول ماڈل بناتے ہوئے وطن کا پرچم بلندیوں پر لہرائیں۔

ارشد ندیم نے اولمپکس کا منظرگورنرہاؤس میں کیسے دہرایا؟

کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سندھ خصوصاًکراچی کے لوگ ارشد ندیم سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،وہ بذات خود اور یہاں کی بزنس کمیونٹی ہر اس شخص سے والہانہ محبت کا اظہار کرتی رہے گی جو پاکستان کا نام روشن کرے گا۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ارشد ندیم کو پہلے عوام سے ملوایا اور آج لوگوں کےسامنے نیزہ پھینکنے کیلئے مدعو کیا ہے۔

گورنرٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہت سے سہولتیں میسر نہ ہونے کے باوجود سچی لگن اور ملک کا نام روشن کرنے کی فکر ذہن میں رکھتے ہوئے ان لوگوں کو دنیا کے سب سے بڑے مقابلے میں مات دی جن پر وسائل کی برسات تھی۔یہی جذبہ اورلگن ہو تو ہرپاکستانی ارشد ندیم کی طرح ملک کو ہر میدان میں صف اول میں کھڑا کرسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس سندھ میں14 اگست کی شام جو تقریب سجائی گئی تھی دنیا بھر میں اسے15اگست کو غیرمعمولی طور پر سرچ کیا گیا تھا۔ایسی چیزیں ہی پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرتی ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فلم کتنی بھی اچھی ہو، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تگڑا ہونا چاہیے۔ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھی چوٹ کی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلادیش کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گورنرسندھ نے طنزا کہا کہ ایک ہماری کرکٹ ٹیم ہے وہ بنگلادیش سے الحمدللہ۔

ابھی یہی کہا ہی تھا کہ ہال قہقہوں سے گونج اٹھا اور سب کی نظریں قونصل جنرلز کی صف میں بیٹھے بنگلادیش کے قونصل جنرل کی جانب ہوگئیں جو معنی خیز انداز سے مسکرا رہے تھے۔

گورنر سندھ نے بنگلادیش کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ بورڈ کا مشورہ دے رہے ہیں کہ کچھ روز آپ بھی سلمان اقبال بٹ صاحب کی خدمات حاصل کریں تاکہ جو کُشتے انہوں نے ارشد ندیم کو کھلائے ہیں اور جس تجربہ کا کام میں لاتے ہوئے ارشد ندیم کو اولمپکس میں کامیابی دلوائی ہے وہ کرکٹ میں بھی دہرائی جاسکے۔

میڈلز اورانعامات دیے جانے کے بعد ارشد ندیم سمیت تمام شرکا کو گورنر ہاؤس کے وسیع وعریض لان میں آنے کی دعوت دی گئی جہاں اولمپئین گولڈ میڈلسٹ نے نیزہ بازی کا مظاہرہ کیا۔اولمپکس ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ فاصلے پر 97 .92کا بینر گھاس پر بچھایا گیا تھا۔

ارشد ندیم نے اولمپکس کا منظرگورنرہاؤس میں کیسے دہرایا؟

گورنر سندھ کے کاؤنٹ ڈاؤن پر ارشد ندیم نے نیزہ پھینکا جو علامتی  97 .92 کو بھی عبور کرگیا، قریب ہی کھڑے ہوکر گورنر سندھ نے بھی نیزہ پھینکا جو ارشد ندیم کے پھینکے گئے نیزے سے بھی آگے نکل گیا۔

ایونٹ میں سفارتکاروں کی دلچسپی اس قدر تھی کہ چین کے ڈپٹی قونصل جنرل نیزہ تھامے جائزہ لیتے رہے کہ اگر وہ نیزہ پھینکیں گے تو کتنی دور تک جائے گا۔ امریکی قونصلیٹ کی ترجمان ہیتھر مرفی نے ہمت کی، انہوں نے نیزہ تھام کر اس طرح ایکشن لیا جیسے وہ مہارت سے نیزہ پھینکتی رہی ہوں۔ ہوا بھی کچھ ایسا ہی کہ علامتی طور پر انتہائی قریب سے پھینکا گیا انکا نیزہ سب ہی کے نیزوں سے آگے نکل گیا۔

تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے کوچ سلمان اقبال بٹ کی تجویز پر کراچی میں میراتھون منعقد کرانے کااعلان کیا۔

 کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میراتھون جنوری میں منعقد کرائی جائے گی، تاریخ کااعلان جلد ہوگا اور یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی میراتھون ہوگی۔

مزید خبریں :