28 اگست ، 2024
اسلام آباد: نیپرا میں جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ صارف تو 12، 13 میگا واٹ بجلی استعمال کرتا ہے لیکن اسے کیپیسٹی چارجز 40 ہزار میگا واٹ کے دینا پڑتے ہیں۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ جولائی کی فیول پرائس'ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو ساڑھے 4 ارب روپے کا فائدہ ہو گا، صارفین کو ریلیف ستمبر کے بلوں میں ملے گا۔
ممبر کے پی نیپرا مقصود انور کا کہنا تھا کہ بجلی مہنگی ہے، مہنگی بجلی سے انڈسٹری بند ہو رہی ہے، صنعتی ترقی بھی گر گئی ہے۔
ممبر سندھ نیپرا رفیق شیخ کا کہنا تھا بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے بڑھنے کی خبریں چلتی ہیں، یہ خبریں سن کر ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔
حکام این ٹی ڈی سی نے اجلاس کو بتایا کہ صارف تو 12، 13 میگا واٹ بجلی استعمال کرتا ہے لیکن صارف کو کیپیسٹی چارجز 40 ہزار میگا واٹ کے دینا پڑتے ہیں۔
نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے سماعت مکمل کر لی، فیصلہ مزید جانچ پڑتال کے بعد جاری کیا جائے گا۔