29 اگست ، 2024
محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں میڈیکل اور اسپتال ڈائریکٹر کی تعیناتی کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دیں۔
مردان میڈیکل کمپلیکس میں میڈیکل اور اسپتال ڈائریکٹر کی تعیناتیوں میں مبینہ بےضابطگی کے معاملے سے متعلق محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے اسپتال انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کیا جس میں اسپتال انتظامیہ سے ریکارڈ مانگا گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا کہ ایچ ڈی اور ایم ڈی کے عہدوں کے لیے اپلائی کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ ہر عہدے کے لیے امیدوار کی لسٹ اور معیار کی منظوری کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام قوائد پورے کرکے اسپتال میں بھرتیاں کی گئی ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے مختصر فہرست سازی کی اور تمام امیدواروں کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال ڈائریکٹر کے لیے 7 اور میڈیکل ڈائریکٹر کے لیے 6 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔