30 اگست ، 2024
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کیلئے بجلی فی یونٹ 3 روپے 9 پیسے مہنگی کرنے کی کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دوران سماعت صارفین نے بجلی مہنگی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نیشنل گرڈ سے 9 روپے 4 پیسے فی یونٹ بجلی لیتا ہے جبکہ اپنی بجلی 28 روپے 30 پیسے یونٹ میں بناتی ہے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ کیوں نہ کے الیکٹرک اپنے پلانٹ بند کر کے ساری بجلی نیشنل گرڈ سے حاصل کرے۔
جماعت اسلامی کے نمائندے نے مطالبہ کیا کہ کراچی والوں کی جان کے الیکٹرک سے چھڑوا کر شہر کو نیشنل گرڈ سے بجلی دی جائے۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈرز اور کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی بجلی مہنگی کرنے کی مخالفت کردی۔
کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت مانگا ہے۔
فیصلہ کے الیکٹرک کے حق میں ہوا تو صارفین پر 7 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔