Time 31 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

خلیل قمر ہنی ٹریپ کیس: ملزمہ پر تشدد ثابت، پولیس افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

خلیل قمر ہنی ٹریپ کیس: ملزمہ پر تشدد ثابت، پولیس افسران کیخلاف کارروائی کا حکم
ڈی جی ایف آئی اے متعلقہ پولیس افسران کے خلاف شکایت درج کر کے کارروائی عمل میں لائیں: لاہور ہائیکورٹ کا حکم— فوٹو:فائل

لاہور ہائیکورٹ نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج کا میڈیکل کرانے کی درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ میڈیکل رپورٹ سے ثابت ہوا کہ ملزمہ آمنہ عروج پر جسمانی ریمانڈ کے دوران تشدد کیا گیا۔

حکم میں کہا گیا ہے کہ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ 2022 کے تحت حراستی تشدد ایک جرم ہے، ملزموں کو سزا دینے کیلئے اس کیس کی تحقیقات ضروری ہیں، ملزمہ آمنہ عروج کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے دوران ذہنی اور جسمانی تشدد کیا گیا،آمنہ عروج نے بتایا کہ درخواست اس کی جانب سے دی گئی۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈی جی ایف آئی اے متعلقہ پولیس افسران کے خلاف شکایت درج کر کے کارروائی عمل میں لائیں۔

خیال رہے کہ خلیل الرحمان قمرکو15 جولائی کو مبینہ طور پراغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیاتھا اور ملزمان کےخلاف 21 جولائی کو تھانہ سندر میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم حسن شاہ اور لڑکی سمیت 12 ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں، مرکزی ملزم 28 جولائی کو پکڑا گیا تھا اور 29 جولائی کو ڈرامہ نگار کی نازیبا ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

مزید خبریں :