01 ستمبر ، 2024
نائیجیریا میں سیلابی صورت حال کے باعث 200 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ نائیجیریا کی 36 ریاستوں میں سے 28 ریاستوں میں سیلاب کے باعث ناقص انفرا اسٹرکچر اور خستہ حال ڈیموں کی وجہ سے 185 افراد ہلاک اور 2 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔
ایجنسی نے بتایا کہ بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ سیلاب سے ایک لاکھ 7 ہزار ایکٹر پر پھیلی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں جس کے سبب سخت متاثرہ شمالی علاقے میں خوراک کی قلت کا مزید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
نائیجیریا کی ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں سیلاب مزید بدتر ہو سکتا ہے کیونکہ سیلاب کا پانی وسطی اور جنوبی ریاستوں کی جانب نیچے کی طرف بہہ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال نائیجیریا کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی بڑی وجہ ماحولیاتی گائیڈلائنز پر عمل درآمد نہ کرنا اور ناقص انفرا اسٹرکچر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ایک دہائی میں آنے والا بدترین سیلاب 2022 میں آیا تھا جس کے نتیجے میں 600 سے زیادہ افراد ہلاک اور 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے تھے۔