01 ستمبر ، 2024
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کل سے ایک مغربی لہر کے ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں سسٹم کے تحت 3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اسنیٰ کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان مزید جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، اورماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 350 اور گوادر کے جنوب مشرق سے 260 کلو میٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے بلوچستان کے قریب ہونے کے سبب ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیرآج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔