Time 02 ستمبر ، 2024
جرائم

حافظ آباد: 20 ملزمان کی اوورسیز پاکستانی کے گھر پر لوٹ مار، گھر جلاکر کرین سے گرادیا

حافظ آباد: 20 ملزمان کی اوورسیز پاکستانی کے گھر پر لوٹ مار، گھر جلاکر کرین سے گرادیا
ملزمان نے 29 اگست کوگھر پر حملہ کیا ، ملزمان نے 10 لاکھ روپے، 20 تولہ زیورات لوٹ کر ایک کینال پر تعمیر پختہ گھر میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی: پولیس/ اسکرین گریب

حافظ آباد میں ملزمان نے اوورسیز پاکستانی کے گھر پر لوٹ مار کرکے گھر کو ہی آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق حافظ آباد کے علاقے اسد اللہ پور میں 20 سے زائد ملزمان نے شہری کے گھر پر حملہ کیا جہاں ملزمان نے سامان لوٹ کر نہ صرف گھر کو آگ لگائی بلکہ کرین سے گھر بھی گرادیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ گھرپر حملے، لوٹ مار اور عمارت گرانے کا مقدمہ متاثرہ خاتون سمعیہ منیر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے کے مطابق خاتون کا شوہر اوورسیز پاکستانی ہے جو عرصہ دراز سے بیرون مقیم ہے، 20 ملزمان نے  29 اگست کوگھر پر حملہ کیا، ملزمان نے 10 لاکھ روپے، 20 تولہ زیورات لوٹ کر ایک کینال پر تعمیر پختہ گھر میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی جب کہ ملزمان اپنے ساتھ کرین بھی لے کر آئے تھے جس کی مدد سے گھرکی دیواریں،کمرے، چھت اورپلرزتوڑ دیے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو شک تھا کہ ان کے رشتے دار کے قتل کے مشورے میں اوور سیز پاکستانی محمد حسین شامل ہے۔

 خاتون کاکہنا ہے کہ گھرکی تباہی کے بعد وہ اپنے اکلوتے کمسن بیٹے کے ساتھ بے گھر ہوچکی ہے لہٰذاپولیس فوری ملزمان کوگرفتارکرکے ازالہ کرے۔ 

پولیس کے مطابق ملزمان کو اپنے رشتے دارکے قتل میں مبینہ معاونت پر شہری سے رنجش تھی، واقعہ تین دن قبل پیش آیا اور ملزمان فرار ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :