Time 04 ستمبر ، 2024
دنیا

'رکو، میں آرہا ہوں'، عدالت نے ٹرمپ کو انتخابی مہم کے دوران مشہور گانا چلانے سے روک دیا

رکو، میں آرہا ہوں، عدالت نے ٹرمپ کو انتخابی مہم کے دوران مشہور گانا چلانے سے روک دیا
ریلیوں میں گانے کے استعمال کے خلاف شریک مصنف (کو رائٹر) اسحاق ہائس کے بیٹے نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی عدالت نے سابق صدر اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابی مہم کے دوران مقبول گانا Hold On, I’m Coming (رکو، میں آرہا ہوں)کا استعمال کرنے سے روک دیا۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق  ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران تمام ریلیوں میں اپنی تقریر سے قبل اور آخر میں مقبول امریکی گانا Hold On, I’m Coming (رکو، میں آرہا ہوں) استعمال کرتے رہے ہیں۔ 

خبر کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے انتخابی ریلیوں میں گانے کے استعمال کے خلاف  مقبول گانے کے شریک لکھاری اسحاق ہائس کے بیٹے نے ریاست جارجیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا اور عدالت سے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو اپنی ریلیوں میں اس گانے کا استعمال کرنے سے روکا جائے۔ 

مرحوم اسحاق ہائس جو 2008 میں انتقال کرگئے تھے انکی فیملی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور انکی ٹیم کی جانب سے گانے کا استعمال نا کرنے کی درخواست کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا تھا۔ 

اسحاق ہائس کے بیٹے نے عدالتی حکم کو خوش آئین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک اسٹینڈ لیا ہے جس کے تحت ہم خود کو ٹرمپ کی شخصیت سے الگ کرنا چاہتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ 

یاد رہےکہ امریکا میں رواں سال 5 نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے ہیں جس کے لیے سابق صدر ٹرمپ کو ریپبلکن امیدوار نامزد کیا گیا ہے جن کا مقابلہ موجودہ نائب امریکی صدر اور  ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس سے ہوگا۔ 

مزید خبریں :