05 ستمبر ، 2024
اسلام آباد: وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے عمران خان کی حکومت پر آئی پی پیز کو ریلیف دینے کا الزام عائد کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ نے 2019کی محمد علی رپورٹ کے بعد آئی پی پیز کو ریلیف دیا تھا، اس رپورٹ کے بعد بڑا موقع جان بوجھ کر ضائع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بہت بڑا موقع شاید جان بوجھ کر ضائع کیا، آج کل کے حالات آئی پی پیز، عوام اور ملک کےلیے اچھے نہیں۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ عوام کو آئی پی پیز معاملات پر جلد خوشخبری سننے کو مل سکتی ہے، آئی پی پیز کے ساتھ دوبارہ مذاکرات سے صارفین کو 600 ارب روپے تک کا ریلیف مل سکتا ہے، جتنے بھی پلانٹس لگائے گئے ان سب سے بات چیت جاری ہے۔
آصفہ بھٹو کی تنقید پر اویس لغاری کا جواب
دوسری جانب آصفہ بھٹو کی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پرتنقید کا جواب دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ جن فیڈرز پر بجلی چوری ہوتی ہے وہاں طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، اس کی وجہ ڈسکوز کی عدم کارکردگی اور صوبائی حکومت کی رٹ نہ ہونا ہے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران آصفہ بھٹو نے اضافی بجلی کے دعوے کے باوجو د 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کا دعویٰ ہے سرپلس بجلی موجود ہے تو پھر لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟