05 ستمبر ، 2024
دبئی پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارت کا گھر ہے اور اب وہ دوسری بلند ترین عمارت کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔
برج عزیزی کا سنگ بنیاد جنوری 2024 میں رکھا گیا تھا مگر اس وقت اس کی اونچائی کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں کیونکہ اسے تیار کرنے والے دبئی حکام کی منظوری کا انتظار کر رہے تھے۔
اب 5 ستمبر کو عزیزی ڈویلپمنٹس نامی کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ عمارت 725 میٹر (2379 میٹر) بلند ہوگی۔
کمپنی کے چیئرمین Mirwais عزیزی نے امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آغاز سے ہم نے 2 ڈیزائنز کی منصوبہ بندی کی تھی، ایک ڈیزائن 526 میٹر بلند عمارت کا تھا اور دوسرا 725 میٹر بلند عمارت کا، جس کی منظوری اب مل گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کام کے آغاز پر ہم نے دونوں آپشنز کو مدنظر رکھا تھا مگر دوسرے ڈیزائن کی منظوری کے بعد بنیاد کا اضافی کام بہت اچھے طریقے سے جاری ہے۔
یہ 131 منزلہ عمارت ہوگی جس میں اپارٹمنٹس، 7 اسٹار لگژری ہوٹل اور 7 منزلہ شاپنگ مال بھی ہوگا۔
اس عمارت کی تعمیر دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر ڈسٹرکٹ میں ہوگی اور یہ برج خلیفہ سے لگ بھگ 340 فٹ چھوٹی ہوگی۔
جب اس کی تعمیر مکمل ہو جائے گی تو یہ دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت ہوگی اور ملائیشیا کی 2227 میٹر بلند عمارت Merdeka 118 کو پیچھے چھوڑ دے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس عمارت کی تعمیر پر ایک ارب 60 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے۔
اس عمارت کی تعمیر 2028 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ دنیا کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں دبئی میں 300 میٹر بلند عمارات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
دبئی کو اس کی تعمیرات کے لیے ہی جانا جاتا ہے جیسے دنیا کا بلند ترین انفنٹنی پول اسی شہر میں ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا نیچرل فلاور گارڈن بھی یہاں موجود ہے اور اسی طرح کے کئی ریکارڈز اس کے نام ہیں۔