Time 05 ستمبر ، 2024
پاکستان

گوگل کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت کا فیصلہ

دنیا کی معروف ٹیک کمپنی گوگل نے  پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

گوگل کے ایشیاء پیسیفک ریجن کے صدر جناب اسکاٹ بیومونٹ کی قیادت میں گوگل کے 4 رکنی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹائز یشن کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے  اگلے پانچ سالوں میں 25 ارب ڈالرز کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری ریگولیٹری نظام کی بہتری کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے حوالےسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے گوگل جیسی بڑی آئی ٹی کمپنی کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور گوگل کے ان اقدامات کی تعریف کی جن کی بدولت گزشتہ چند سالوں میں ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 

وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوگل نے صرف 2023 میں پاکستانی نوجوانوں کو 10 لاکھ کے قریب ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے جو کہ ڈیجیٹل دنیا میں پاکستان کی صلاحیت اور پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے گوگل کے عزم کا عکاس ہے۔

آئی ٹی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے جناب اسکاٹ بیومونٹ نے کہا کہ گوگل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کا معاشی بہتری کے لیے استعمال ، نوجوانوں کی بڑی آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کا گوگل جیسی ٹیک کمپنی کے لیے اہم عوامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا۔

مزید خبریں :