06 ستمبر ، 2024
پاکستانی اداکار فیروز خان نے اداکارہ سجل علی سے متعلق کئی عرصے بعد مختصر سی بات کی۔
حال ہی میں فیروز خان نے بہن حمائمہ ملک کے ہمراہ بھارتی صحافی شہریار فریدون کو آن لائن انٹرویو دیا جس میں صحافی نے مختلف سوالات کیے جو سوشل میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
اسی دوران شہریار نے ریپڈ فائر کھیلا جس میں جلدی جلدی مختصر جوابات دینے ہوتے ہیں، فیروز سے سوال کیا گیا کہ اگر سجل علی انہیں چینی کے بجائے نمک ملی ہوئی چائے دیں تو وہ کیا کریں گے؟ جس کے لیے دو آپشنز بھی دیے گئے۔
پہلے آپشن میں کہا گیا کہ وہ خاموشی سے پی لیں گے جب کہ دوسرے آپشن میں تھا کہ وہ سجل سے کہیں گے کہ اس چائے میں بے حد محبت ہے لیکن نمک کی جگہ چینی ہوتی تو کیا بات تھی۔
جواب دینے کے لیے فیروز نے سوچتے ہوئے کہا کہ اگر میں سچ کہوں تو سجل کو دیکھے یا ان سے ملاقات کیے ہوئے سالوں گزر چکے، فیروز کی بات کاٹتے ہوئے حمائمہ نے کہا کہ فیروز یہ ریپڈ فائر ہے جواب جلدی دینا ہوگا۔
فیروز خان نے صحافی سے تیسرا آپشن دینے کی درخواست کی جس پر صحافی نے کہا کہ فی الحال یہی دو آپشنز ہیں، اس پر اداکار نے کہا کہ میں پہلا آپشن یعنی سجل علی کی جانب سے دی گئی نمک والی چائے لے لوں گا۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد فیروز خان کے مداحوں نے بھارتی صحافی کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا، صارفین کا کہنا تھا کہ اس انٹرویو میں پوچھے جانے والے سوالات انتہائی نامناسب تھے۔
ایک خاتون نے کمنٹ میں یہ بھی کہا کہ ایک شادی شدہ مرد سے اس کے سابقہ رشتے سے متعلق پوچھنے کی کیا ضرورت تھی؟
واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں متعدد بار دعویٰ کیا جاچکا ہے کہ فیروز خان اور سجل علی ماضی میں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن پھر ان کا بریک اپ ہوگیا۔