06 ستمبر ، 2024
بھارتی اداکارہ سیما پاہوا نے پاکستانی ڈراموں کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
سیما پاہوا نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی ڈراموں کی فین ہوں، ان کے ڈراموں کی کہانی بہت کمال ہے لیکن اس کے علاوہ زبان بھی خوبصورت ہے، یہاں اردو زبان سننے کو کان ترس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اردو زبان سننے کو ملتی ہے اور ڈراموں میں رشتوں کو بہت تفصیل سے دکھایا گیا ہے، ہم اتنی تفصیل سے کام نہ ڈراموں میں کرتے ہیں اور نہ ہی فلموں میں، میں ان کے کام کو دیکھ کر دنگ رہ گئی، بہت اچھا کام کیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کاش ہمیں ایسا کام کرنے کو ملے، دل ترس رہا ہےکوئی ہمیں ایسا ڈرامہ لکھ کر دے تو ہم کتنا خوبصورت کام کرسکیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سیما نے مزید کہا کہ بہت سے ڈرامے مجھے پسند ہیں لیکن سنگ مرمر میرا پسندیدہ ہے، یہ ڈرامہ بہت کمال کا تھا، اس کی سب سے زیادہ خوبصورتی بہو کے منفی کردار کی تھی جس کے جذبات کو بھی دکھایا گیا۔