Time 06 ستمبر ، 2024
جرائم

کراچی: ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش ناکام، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

کراچی: ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش ناکام، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
فوٹو: فائل

کراچی میں ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش  ناکام بنادی گئی لیکن ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں شاپنگ مال کے قریب ڈاکوؤں نے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود افراد اور پولیس کی بروقت کارروائی سے رقم تو بچ گئی لیکن اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقامی بلڈر کا عملہ ڈیڑھ کروڑ روپے لے کر آرہا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار سکیورٹی گارڈ مبین اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔ 

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر گشت پر مامور پولیس اہلکار بھی فوری پہنچ گئے اور ملزمان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے 2 ملزمان زخمی ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو پولیس پر فائرنگ کرتا ہوا قریبی شاپنگ مال میں چلا گیا ۔ موقع پر موجود شہریوں نے بھی ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

 پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والا ایک ڈاکو بھی دم توڑ گیا ۔ 

بلڈر کے عملے کا کہنا ہے کہ کیش دوسرے آفس منتقل کیا جارہا تھا کہ ڈاکوؤں نے رقم چھیننے کی کوشش کی، جاں بحق ہونے والا سکیورٹی گارڈ کافی عرصے سے ان کے ساتھ کام کر رہا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی کئی وارداتیں کرچکے ہیں، انہوں نے گلستان جوہر میں بھی شہری کو ڈکیتی کے دوران قتل کردیا تھا۔

مزید خبریں :