07 ستمبر ، 2024
کراچی: سول اسپتال میں گزشتہ روز سے معطل بجلی بحال کردی گئی۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری کے مطابق کے الیکٹرک کا عملہ بجلی کی بحالی کا کام کر رہا ہے، گزشتہ روز دوپہر میں معطل ہونے والی بجلی کو آج صبح بحال کیا گیا تھا۔
ڈاکڑ خالد نے بتایا کہ اسپتال میں اب بھی والٹیج کا مسئلہ ہے جب کہ اسپتال میں جنریٹرز سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسپتال کی بجلی کی فراہمی معطل ہونے پر سیکرٹری صحت اور سیکرٹری توانائی سمیت کے الیکٹرک انتظامیہ کو بجلی بحال کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیبل فالٹ کے باعث سول اسپتال کی بجلی معطل ہوئی ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اپنے فنی مسائل بروقت حل کرنے چاہئیں، کل سے سول اسپتال میں مریضوں کے علاج میں پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سول اسپتال کی بجلی بحال کردی گئی ہے، سول اسپتال میں آنے والا فالٹ اندرونی نوعیت کا تھا۔